سردیوں کی آمد سے پہلے خشک میوہ جات مہنگے ہو گئے

10-27-2026

(ویب ڈیسک) خشک میوہ جات کی قیمتوں میں رواں سال 30 سے 40 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث سردیوں میں خشک میوہ جات کھانے کے شوقین شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی قوتِ خرید متاثر کر دی ہے اور سردیوں کی یہ سوغات کئی گھرانوں کے بجٹ سے باہر ہوتی جا رہی ہے، گزشتہ سال 3 ہزار روپے فی کلو فروخت ہونے والا پستہ اب 5 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، جبکہ بادام کی قیمت میں 1 ہزار 200 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد بادام 3 ہزار 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح کاجو کی قیمت بھی 3 ہزار روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 500 روپے فی کلو ہو گئی ہے، جبکہ چلغوزے کی قیمت 6 ہزار سے 8 ہزار روپے فی کلو کے درمیان ہے، خشک میوہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کیلئے ان کی خریداری مشکل بنا دی ہے۔ دکانداروں کے مطابق ماضی میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں عموماً سال میں ایک مرتبہ اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب قیمتیں چند دنوں کے دوران بھی تبدیل ہو رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث روزمرہ اخراجات پورے کرنا پہلے ہی مشکل ہے، ایسے میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافے  نے سردیوں کی اس سوغات سے لطف اندوز ہونا بھی مشکل بنا دیا ہے۔