شہری کو تھپڑ مارنےوالا سب انسپکٹر گرفتار اور معطل، مریم نواز کا ٹویٹ
10-26-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہوٹل میں چیکنگ کے دوران شہری کو تھپڑ مارنے کے الزام میں سب انسپکٹر اویس ارشد کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی۔
مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ سب انسپکٹر اویس ارشد ہوٹل میں تصدیقی عمل کے لیے موجود تھا، جہاں شہری کو تھپٹر مارنے کا الزام سامنے آیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق سب انسپکٹر اویس ارشد کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرنے کے بعد ملازمت سے بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سب انسپکٹر کے خلاف فوری طور پر فوجداری اور محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور محکمانہ تادیبی کارروائی کے لیے چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے سخت احتساب یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کی عزت، وقار اور حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔