لاہور بورڈ کے میٹرک امتحان میں 2 جعلی امیدوار، 5 نقل کرتے پکڑے گئے

10-26-2026

(لاہور نیوز) لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک سیکنڈ اینول فزکس کے امتحان میں دو جعلی امیدواروں اور نقل کرنے والے پانچ امیدواروں کو پکڑ لیا گیا۔

کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان  نے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے، جہاں گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج میں محمد اہتشام کی جگہ پیپر دینے والے جعلی امیدوار کو پکڑا گیا۔ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں بھی ساجد علی کی جگہ امتحان دینے والا جعلی امیدوار منور علی پکڑا گیا۔ دونوں جعلی امیدواروں کو موقع پر حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا گیا، نقل کرتے ہوئے گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج سے محمد فاروق اور محمد حمزہ، گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول سے علی حمزہ اور محمد شہزاد جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز رائیونڈ سے علی حمزہ پکڑا گیا۔ کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان کے مطابق امیدواروں کے خلاف یو ایم سی درج کرکے بورڈ کے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی ہے۔