پنجاب اسمبلی میں شور شرابا، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی
10-26-2026
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے 54 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، تاہم اپوزیشن کی نعرے بازی اور کورم کی نشاندہی کے بعد سپیکر ملک محمد احمد خان نے اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، نعتِ رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں داخل ہوتے ہی ’’گورنر راج نامنظور‘‘ اور ’’ایمرجنسی نامنظور‘‘ کے نعرے لگائے۔ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا لیکن فارم 47 کی حکومت نے ملک کا جو حال کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ اُنہوں نے مہنگائی، غربت، بے روزگاری، ڈالر، پیٹرول، آٹے، بجلی، یوریا اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کی آواز اٹھائی اور ماورائے عدالت قتل سمیت مختلف مسائل اسمبلی میں اجاگر کیے، انہوں نے بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بھی سوالات اٹھائے جبکہ ایوان میں وزرا کی تعداد پر بھی تنقید کی۔ چیف وہپ رانا محمد ارشد کی گفتگو کے دوران اپوزیشن ارکان نے شور شرابا کیا، اس موقع پر معین ریاض قریشی نے کہا کہ سپیکر کا کام صرف ارکان کی گنتی پوری کرنا رہ گیا ہے۔ رانا محمد ارشد کی گفتگو کے دوران اپوزیشن رکن شعیب امیر نے کورم کی نشاندہی کر دی تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس پر سپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔