گلوبل لیزر رن مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی

10-26-2026

(لاہور نیوز) تھائی لینڈ میں ہونے والے گلوبل لیزر رن مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مقابلوں میں سی ایم پنجاب لیزر رن اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے ایک گولڈ، ایک سلور اور 2 کانسی کے میڈلز جیت لیے جبکہ پاکستان نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ مقابلوں میں محمد اذان نے گولڈ، عبداللہ نے سلور جبکہ محمد شیان اور عمیس سلیمی نے کانسی کے میڈلز اپنے نام کیے۔ ٹیم ایونٹ میں مبشر علی، قیصر علی، سیدان شہود اور رضوان نے بھی کانسی کے میڈلز حاصل کیے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب لیزر رن اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے عالمی مقابلوں میں قومی پرچم بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب لیزر رن پہلی اکیڈمی ہے جس کے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، واضح رہے کہ گلوبل لیزر رن مقابلے 22 سے 25 اکتوبر تک تھائی لینڈ میں منعقد ہوئے۔