وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا ینگ انٹرپرینیور فیسٹ کا دورہ، نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم
10-26-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایکسپو سینٹر میں ینگ انٹرپرینیور فیسٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر رانا سکندر حیات نے نوجوانوں کے کاروباری آئیڈیاز دیکھے اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا، وزیر تعلیم نے اینیبلرز کے زیرِ اہتمام منعقدہ پروگرام میں نوجوان انٹرپرینیورز میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ ینگ انٹرپرینیور فیسٹ جیسے پروگرام نوجوانوں کو نئے آئیڈیاز تخلیق کرنے اور اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں اور وہ حیران کن کام کر رہے ہیں، نوجوان انٹرپرینیورشپ کے ذریعے پاکستان کے مضبوط مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں طلبہ روبوٹکس سمیت جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کے مقابلوں میں طلبہ بھرپور حصہ لے رہے ہیں، رواں سال ہونے والے اسٹیم مقابلوں میں 10 لاکھ طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ نویں جماعت میں سائنس کے ساتھ ٹیک ایجوکیشن بھی پڑھائی جا رہی ہے، جبکہ گزشتہ سال نویں جماعت کے 52 ہزار طلبہ نے ٹیک ایجوکیشن کے ساتھ امتحان دیا، نئے تعلیمی سال سے پہلی جماعت ہی کے نصاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) شامل کی جا رہی ہے، جبکہ تمام جامعات میں گریجویشن کی ڈگری کیلئے اے آئی کورس لازمی قرار دیا گیا ہے۔ رانا سکندر حیات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں، گزشتہ دو سال کے دوران جامعات کے ایک لاکھ 10 ہزار نوجوانوں کو جدید لیپ ٹاپ اور سکالرشپس فراہم کئے گئے ہیں، جبکہ مزید طلبہ کو بھی یہ سہولیات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ طلبہ اور اساتذہ کو مفت گوگل کورسز کروائے گئے ہیں، تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے سکولوں کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے اور رواں سال 5 ہزار سکولوں میں اسٹیم اور روبوٹکس لیبارٹریز مکمل ہو جائیں گی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے کاروباری آئیڈیاز متعارف کرائیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔