تین ملکی ٹورنامنٹ: انگلینڈ کیخلاف کامیابی پر محسن نقوی کی قومی ہیروز کو مبارکباد
10-26-2026
(لاہور نیوز) تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی کامیابی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی قومی ٹیم کے ہیروز کو مبارکباد دینے گراؤنڈ میں پہنچ گئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ وفاقی وزراء عطا تارڑ اور عون چوہدری بھی موجود تھے، تینوں شخصیات نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کی جیت کے اہم کھلاڑیوں حارث رؤف اور شاداب خان سے خصوصی ملاقات کی اور باری باری دونوں سے گلے ملے۔ واضح رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرائی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی، شاداب خان اور حارث رؤف کے درمیان 89 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔