جان لیوا حادثے پر ڈرائیور کی گاڑی کا روٹ پرمٹ بھی معطل ہو گا، سی ٹی او لاہور
10-26-2026
(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ جان لیوا اور شدید نوعیت کے غیر مہلک ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس معطل کئے جائیں گے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق رواں سال جان لیوا ٹریفک حادثات میں ملوث 177 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کئے جا چکے ہیں، جبکہ مہلک حادثات میں ملوث 97 پبلک سروس گاڑیوں کے روٹ پرمٹس معطل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو لکھ دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ہیوی، کمرشل اور پبلک سروس گاڑیاں مجموعی ٹریفک حجم کا صرف 4 فیصد ہیں، لیکن ٹریفک حادثات میں ان کا حصہ 44 فیصد ہے، جو ایک اہم تشویش ناک معاملہ ہے، لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ کی معطلی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ متعلقہ گاڑی کو کوئی دوسرا ڈرائیور بھی سڑک پر نہ چلا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس کی معطلی عدالتی احکامات سے مشروط ہو گی، جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس کی معطلی کے علاوہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، معطل شدہ لائسنس کے باوجود دوبارہ ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیونگ لائسنس کم از کم چھ ماہ سے تین سال تک کیلئے معطل رکھا جائے گا، اس کے علاوہ انتہائی خطرناک حد تک سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا ہو گی، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، کیونکہ قوانین پر عمل درآمد ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔