مولانا کو اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کیخلاف بات نہیں کرنی چاہیے: رانا سکندر حیات
10-25-2026
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔
صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ کےہمراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ مولانا کے شہداء سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہیں ، شہداء کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کیا کیا اور صوبے کے عوام کی حفاظت کے لیے کس نے قربانیاں دیں۔ وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو آج اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر شہداء کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے، خیبرپختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ ان کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔سلمیٰ بٹدوسری جانب صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی 13 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اُس کے دور میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج نہ کسی کی خواہش تھی اور نہ ہی اسے سیاسی حل سمجھا گیا بلکہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج مجبوری کے تحت نافذ کیا گیا۔