حنا جاوید کے اہلخانہ کا مریم نواز کو خط، جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ
10-25-2026
(لاہور نیوز) حنا جاوید قتل کیس میں متاثرہ خاندان نے تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کھلا خط لکھ کر پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے براہ راست رابطے کی متعدد کوششیں کیں، کامیابی نہیں ہوئی، مختلف فورمز اور حکومتی نمائندوں کے ذریعے پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی پر تحفظات سے آگاہ کیا، حنا جاوید پر تشدد اور نعش مسخ کئے جانے کی شدت نفرت کی عکاسی کرتی ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حنا جاوید کے گلے پر فیصل اور اس کے والد کا ڈی این اے ملا ہے، حنا جاوید کے سسر نے ابتدا میں گھر میں چوری کا بتایا تھا، حنا جاوید اور ملزمان کے موبائل فونز کی فرانزک رپورٹس تاحال زیر التوا ہیں، موبائل فون سے اہم پیغامات ڈیلیٹ کیے گئے، فرانزک رپورٹس اور فنگر پرنٹس کے نتائج آنے سے پہلے ہی تفتیش کا رخ گھریلو ملازم کی جانب موڑا گیا۔ حنا جاوید کے اہلخانہ کے مطابق گھریلو ملازم سفاک قتل میں ملوث ہے تاہم فیصل سے متعلق شواہد نظرانداز کئے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب قتل کیس کی فائل کا تفصیلی جائزہ لیں، ملزم فیصل اصغر سے متعلق شواہد کو نظرانداز کئے جانے کا نوٹس لیا جائے، مقدمہ عدالت میں جانے سے پہلے پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی کسی کو مجرم یا بے گناہ قرار نہیں دے سکتی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ کسی شخص کے قصوروار یا بے گناہ ہونے کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، خود ہی تفتیش اور خود ہی فیصلہ سنانا مفادات کے ٹکراؤ کے مترادف ہے، تحقیقاتی کمیٹی کے طریقہ کار سے انصاف ملنے کی توقع نہیں رہی۔ خط میں اہل خانہ نے کہا کہ حنا جاوید قتل کیس میں تحقیقاتی کمیٹی کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے، قتل کیس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، خواتین کے خلاف ظلم اور تشدد پر آپ نے خود اسے اپنی ریڈ لائن قرار دیا تھا۔ اہل خانہ نے مزید کہا کہ بطور صوبے کی سربراہ اور خاتون ہونے کے ناطے حنا جاوید کے اہلخانہ کو انصاف دلانے کیلئے کردار ادا کریں، ملزمان کو تحفظ نہ دیا جائے، اہلخانہ کو قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا حنا جاوید قتل کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر دوسرا بیان جاری ہوا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حنا جاوید کے قتل کیس کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں،انصاف کی فراہمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ خاندان سے ذاتی طور پر خود ملاقات کروں گی۔