رنگ روڈ پر ٹریفک جرمانوں میں اضافہ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر
10-25-2026
(لاہور نیوز) محفوظ سڑکیں، محفوظ پنجاب کے ویژن کے تحت رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
چیئرپرسن رنگ روڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سخت کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ نئے جرمانوں کے مطابق بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ غلط اوورٹیکنگ پر کار کو 5 ہزار جبکہ 2 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ غلط لین استعمال کرنے پر 2 ہزار اور ون وے کی خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ دھواں چھوڑنے والی کار پر 4 ہزار جبکہ کمرشل گاڑی پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ اوورلوڈنگ پر جرمانہ 2 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ غلط پارکنگ پر جرمانہ ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ رنگ روڈ پر کم عمر ڈرائیورز کو گاڑی چلانے پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ بلیک پیپرز کے استعمال اور بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر بھی 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ رنگ روڈ پر موٹر سائیکل لے جانے پر 5 ہزار روپے جبکہ پیدل سڑک عبور کرنے پر جرمانہ 200 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ رنگ روڈ پر جانور لانے کی صورت میں مالک کو 5 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اووراسپیڈنگ پر 2 ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو 5 ہزار جبکہ بڑی گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ رنگ روڈ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی سمیت دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں۔