پاکستان، انگلینڈ میچ کیلئے لاہور میں سکیورٹی پلان نافذ، 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

10-25-2026

(لاہور نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ کے لیے لاہور میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 قومی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے تحفظ کے لیے چار درجاتی سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔  ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پہلے سکیورٹی حصار میں 1,526، دوسرے میں 1,276 اور تیسرے حصار میں 2,374 پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ داخلی ناکہ جات پر بھی 813 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ہر حصار میں ایس پی رینک کے افسران مامور ہیں۔ میچ کے دوران 6 ایس پیز، 19 ڈی ایس پیز اور 45 انسپکٹرز و ایس ایچ اوز بھی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ فیصل کامران کے مطابق نگران افسران سکیورٹی پوائنٹس کی انفرادی طور پر جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ لاہور پولیس کرکٹ میچز کے پُرامن انعقاد اور کھلاڑیوں سمیت شائقین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔