مختلف علاقوں میں کل بجلی 7گھنٹے بند رہے گی،لیسکو کا اعلان
10-25-2026
(لاہور نیوز)لیسکو نے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے لیے مختلف علاقوں میں 5 سے 7 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا، 26 اکتوبر سے مختلف علاقوں میں بجلی بندش کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی فراہمی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک معطل رہے گی، جبکہ بعض علاقوں میں شٹ ڈاؤن کا دورانیہ 7 گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔ مختلف علاقوں میں تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے لیے بجلی کی بندش کا سلسلہ رمضان المبارک سے قبل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے دوران گرڈ اسٹیشنز اور 11 کے وی فیڈرز بند کیے جائیں گے۔ شٹ ڈاؤن کے دوران بجلی کی لائنوں سے ٹکرانے والے درختوں کی کٹائی اور بجلی کے نظام کی اپ گریڈیشن کا کام بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کے مختلف سرکلز نے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے لیے درکار سامان کی فراہمی کی غرض سے شعبہ میٹریل مینجمنٹ کو ڈیمانڈ بھجوا رکھی ہے، تاہم طلب کے مطابق تمام دفاتر کو تاحال مطلوبہ سامان فراہم نہیں کیا جاسکا۔ لیسکو نے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں بجلی کی بندش کا آغاز بھی کردیا ہے۔