پنجاب فلم سٹی کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا، مقامی فلموں کیلئے 35 فیصد تک ریبیٹ دینے کی منظوری

10-25-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کو فلم، ڈرامہ، ثقافت اور سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے فلم سٹی کے قیام کی تیاریاں مکمل، پنجابی فلموں کو 35 اور اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پاکستان اور پنجاب کے پہلے جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ فلم سٹی کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں بننے والی پنجابی فلموں کے لیے 35 فیصد اور اردو فلموں کے لیے 20 فیصد ریبیٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں صوبے کی فلمی صنعت کی بحالی، جدید فلم سازی کے فروغ اور لاہور کو دوبارہ فلم انڈسٹری کا مرکز بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب اور پاکستان کا پہلا رائلٹی قانون بنانے کی منظوری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ قانون کا مسودہ پنجاب فلم اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن سہولیات، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید فلم اسٹوڈیوز اور پاکستان کا سب سے بڑا کنونشن سینٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ فلم سازوں کی مالی معاونت اور معیاری فلموں کی تیاری کے لیے ریبیٹ فریم ورک آئندہ ہفتے اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں فلم سازوں کو شوٹنگ کے لیے موزوں مقامات کے انتخاب میں سہولت فراہم کرنے کے لیے آن لائن ون ونڈو نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، جبکہ اتھارٹی کی 53 آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ بھرتیوں اور برطرفیوں کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔ اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے پرانے سینما گھروں کی بحالی، ان میں سولر سسٹم کی تنصیب اور عوام کو کم قیمت پر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کی منظوری دی۔ سینما گھروں کی بکنگ کا نظام آن لائن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ نوجوان فلم سازوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے تربیتی پروگرام کی منظوری دی گئی، جس کے تحت بین الاقوامی ماہرین انہیں جدید فلم سازی کی تربیت فراہم کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ آئندہ پانچ برس میں پنجاب عالمی معیار کی اسکرین ٹورازم کا مرکز بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم سٹی کے ذریعے کیمرے کی آنکھ سے دنیا کو پنجاب کی منفرد ثقافت اور نایاب ورثے سے روشناس کرایا جائے گا۔ مریم اورنگزیب کے مطابق فلم سٹی محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ فلمی صنعت کی بحالی، سرمایہ کاری میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو معیاری و سستی تفریح فراہم کرنے کے لیے ایک مکمل نظام ہوگا۔