پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کا معاملہ، صلح کے بعد ملزم کو رہا کرنے کا حکم

10-24-2026

(لاہور نیوز) ضلع کچہری لاہور نے پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح ہونے پر گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد  نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس کے مطابق مدعی نے ملزم سے راضی نامہ کر لیا ہے، مدعی  نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا، فریقین کے درمیان راضی نامہ ہو چکا ہے اور وہ اس کیس پر مزید کارروائی نہیں چاہتا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس  نے ملزم سے تفتیش کیلئے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم راضی نامہ ہونے کی بنیاد پر جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے، عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا تھا۔