نشتر کالونی میں گھر سے 86 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری
10-24-2026
(لاہور نیوز) نشتر کالونی کے علاقے میں نامعلوم چور گھر کی الماری سے 86 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرکے فرار ہو گئے۔
پولیس نے متاثرہ خاتون فوزیہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، ایف آئی آر کے مطابق فوزیہ بی بی نے اپنی بیٹیوں کے 18 تولے سے زائد طلائی زیورات گھر کی الماری میں رکھے ہوئے تھے، نامعلوم چور الماری کو چابی لگا کر کھولنے کے بعد زیورات چوری کرکے لے گئے۔ مقدمے کے متن کے مطابق فوزیہ بی بی نے جب الماری کھول کر زیورات چیک کئے تو وہ غائب تھے، جس پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ نشتر کالونی پولیس نے چوری کا مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی تلاش سمیت واردات کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے کارروائی جاری ہے۔