بچوں کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
10-24-2026
(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 25 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ٹیم نے شالیمار ٹاؤن میں پاکستان منٹ کے قریب کارروائی کرکے ملزم حمیر ولایت کو گرفتار کیا، ملزم پر الزام ہے کہ وہ کم عمر بچوں سے نجی مواد حاصل کرنے کے بعد انہیں فحش ویب سائٹس پر فروخت کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے آئی فون 12 اور آئی فون 13 پرو برآمد کیے گئے ہیں، ابتدائی شواہد میں ٹک ٹاک کے ذریعے مبینہ بلیک میلنگ اور مالی مفاد حاصل کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ این سی سی آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران متعدد ای میل اکاؤنٹس، پاس ورڈز اور حذف شدہ سنیپ چیٹ اکاؤنٹ کی لاگ اِن تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں، برآمد ہونے والے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ انسپکٹر عاقب علی خان کی مدعیت میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف نے کہا ہے کہ بچوں کو آن لائن ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔