چھاتی کے کینسر سے آگاہی کیلئے پی سی بی کا اہم اقدام، قومی ٹیم گلابی کٹ پہنے گی

10-24-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی اور اس مرض سے متاثرہ خواتین کی مدد کے لیے اہم اقدام کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 25 اکتوبر کو لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہنے گی۔ یہ میچ چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ پی سی بی اور پنک ربن نے چھاتی کے کینسر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کاوش کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے دستخط شدہ خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا اعلان بھی کیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کے دستخط شدہ شرٹس نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی، جبکہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ ان خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی جو علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔ اس اقدام کے ذریعے شائقینِ کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے دستخط شدہ خصوصی شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق خواتین کے علاج میں معاونت اور قیمتی جانیں بچانے کی کوششوں میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔