جرائم پر قابو پانے میں ناکام ایس ایچ اوز عہدوں پر نہیں رہیں گے، ڈی آئی جی آپریشنز
10-24-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے جرائم کی تخفیف اور مقدمات میں درست دفعات کے اندراج میں غفلت برتنے والے افسران کو سخت الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کام نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کو عہدوں پر برقرار نہیں رکھا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت صدر ڈویژن میں انسدادِ جرائم سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور مقدمات کے اندراج میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز چوہنگ اور نواب ٹاؤن کو موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے ایس ایچ اوز سندر، ستوکتلہ اور چوہنگ کو کال رسپانس ٹائم بہتر بنانے کی ہدایت کی، جبکہ ایس ایچ او مصطفیٰ ٹاؤن کو ایس آئی پی ایس (SIPS) کی خلاف ورزیوں کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے جیب کتروں اور موبائل فون چوری کرنے والے ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے پر بھی زور دیا، انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی وقوعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس ایچ او خود موقع پر پہنچے گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ تھانوں میں موجود ٹیبلٹس اور تمام الیکٹرانک آلات کو فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ پولیس کے روزمرہ امور اور کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے پرائیویٹ ملازمین اور کرایہ داروں کے اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں غفلت، تخفیفِ جرم کے نام پر جعلی کارروائیاں اور مقدمات میں درست دفعات درج نہ کرنا ناقابل قبول ہے۔