حادثات کی روک تھام کیلئے ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار

10-24-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سموگ پر قابو پانے کیلئے لاہور میں ڈرائیورز کی طبی اور نفسیاتی فٹنس یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور سموگ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں بس اونرز، مزدا، منی گڈز، ٹرک ٹرانسپورٹ اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں ٹریفک حادثات کی روک تھام، ڈرائیورز کی صحت کی جانچ اور فضائی آلودگی میں کمی کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈرائیورز کے طبی اور نفسیاتی معائنے کیلئے موبائل میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے، جہاں ڈرائیورز کی نظر، کلر بلائنڈنس، طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کا معائنہ کیا جائے گا تاکہ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ تیز رفتاری کی روک تھام کیلئے اپنی گاڑیوں میں کیمرے نصب کروائیں، اس کے علاوہ رات کے وقت گاڑیوں کی بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز فعال رکھنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ حادثات کے خطرات کم کئے جا سکیں۔ اجلاس میں ریت اور مٹی لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپ کر چلانے کی ہدایت بھی کی گئی، اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔