بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت
10-24-2026
(ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی، تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی حکومت انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھگونت مان نے مشرقی پنجاب کی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین، خصوصاً پنجابی شاعر بابا بشیر حسین ناظمی نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔ مشرقی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک کے دورے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟ بھگونت مان نے کہا کہ دونوں پنجابوں کی ثقافت مشترک ہے اور وہاں کے شاعر بھی لاہور جائیں گے، اس لیے وہ خود بھی کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے سپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو پاکستان جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی ارکان اسمبلی کے ساتھ لے جائیں۔ اس پر بھگونت مان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سپیکر، حکومتی ارکان اور اپوزیشن سمیت تمام ارکان اسمبلی کرتارپور صاحب جائیں اور وہاں حاضری دیں، بشرطیکہ کرتارپور راہداری کھول دی جائے۔ واضح رہے کہ لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس 27 سے 29 نومبر تک منعقد ہوگی، بھارتی میڈیا کے مطابق کانفرنس کا اہتمام پنجابی پرچار آرگنائزیشن، پنجابی لہراور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس میں نو ممالک سے مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، بھگونت مان کی کانفرنس میں شرکت کا انحصار بھارتی حکومت کی اجازت پر ہوگا۔