مغربی ہوائیں ملک میں داخل، لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی

10-24-2026

(لاہور نیوز) شہر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے لیکن مغربی ہوائیں آج سے ملک میں داخل ہوں گی، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں بارش جبکہ لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں آج سے ملک میں داخل ہوں گی، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں چھٹے نمبر پر رہا۔ شہر میں اسموگ کی اوسط شرح 172 ریکارڈ کی گئی۔ علاقائی سطح پر راوی روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 211، جی ٹی روڈ کا 222 جبکہ ماڈل ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 204 ریکارڈ کیا گیا۔