لاہور میں 3 روزہ بسنت تہوار: 1 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیلئے ضمنی گرانٹ طلب

10-23-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں 3 روز کے بسنت تہوار پر 1 ارب 1 کروڑ 73 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ فنڈز کے اجرا کیلئے محکمہ داخلہ کو سمری بھجوا دی گئی ہے۔

بسنت کی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیلئے سی ٹی او  نے 46 کروڑ 18 لاکھ مانگ لیے، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کیلئے20 کروڑ فراہم کرنے کی تجویز دی گئی۔ ہنگامی اور غیر متوقع اخراجات کیلئے ضلعی انتظامیہ کو 19 کروڑ 98 لاکھ دینے کی سفارش کی گئی ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بسنت انتظامات کیلئے9 کروڑ 89 لاکھ طلب کئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز  نے سکیورٹی انتظامات کیلئے2 کروڑ 86 لاکھ روپے مانگ لیے ہیں جبکہ والڈ سٹی لاہور کے لیے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صفائی انتظامات کیلئے55 لاکھ روپے طلب کر لئے ہیں جبکہ سول ڈیفنس کیلئے33 لاکھ 60 ہزار اور ریسکیو 1122 کیلئے6 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں۔ فنڈز کنٹرول رومز، چیکنگ پوائنٹس، فیلڈ کیمپس اور چھتوں کی نگرانی پر خرچ ہوں گے، رقم ٹریفک مینجمنٹ، ریسکیو، طبی امداد، صفائی اور آگاہی مہم کیلئے بھی استعمال ہو گی۔ ممنوعہ پتنگ اور ڈور کی تیاری، فروخت اور استعمال کیخلاف کارروائی ہوگی، مختص رقم مجموعی مالی حد ہوگی، غیر استعمال شدہ فنڈز حکومت کو واپس کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ لاہور میں بسنت کا تہوار آئندہ سال13،12 اور14مارچ منایا جائے گا۔