قیمت کا تنازع، پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسینز دستیاب نہ ہو سکیں
10-23-2026
(لاہور نیوز) ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسینز کی قیمتوں کا تنازع حل نہ ہو سکا، جس کے باعث پاکستان میں ان ویکسینز کی دستیابی ممکن نہیں ہو سکی۔
ڈریپ حکام کے مطابق وفاقی کابینہ نے تاحال فلو ویکسین کی ڈریپ کی تجویز کردہ قیمت کی منظوری نہیں دی، قیمت طے کرنے کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اور وزیر صحت پر مشتمل کمیٹی ڈریپ کی تجویز کردہ قیمت کی منظوری دے چکی ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک بھی اس معاملے پر کئی اجلاس کر چکے ہیں۔ ڈریپ حکام کے مطابق ایبٹ اور ہوئسٹ قیمتوں میں نظرثانی کی وفاقی کابینہ سے منظوری کے انتظار میں انفلوئنزا ویکسین درآمد نہیں کر سکیں۔ وزارت صحت کے مطابق چینی ساختہ انفلوئنزا ویکسین کے دو برانڈز این فلو اور ویریونزا مارکیٹ میں دستیاب ہیں، عالمی ادارہ صحت نے رواں سیزن کے لیے تین اسٹرینز والی فلو ویکسین کی منظوری دی ہے جبکہ چار اسٹرینز والی فلو ویکسین دنیا بھر میں واپس لے لی گئی ہے۔ ترجمان فارما بیورو کے مطابق پاکستان میں چینی ساختہ ویکسین کے علاوہ دیگر انفلوئنزا ویکسین دستیاب نہیں ہیں۔