سموگ کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، رات کو خصوصی ناکے قائم، ہزاروں گاڑیوں کے چالان
10-23-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر سموگ کے تدارک کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رات گئے خصوصی ناکے قائم کر دیے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور کا آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہونا انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے حوالے سے تشویش ناک ہے، اس لیے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر میں داخلہ بند ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ مٹی، ریت اور دیگر معدنیات کی کان کنی کے مقامات پر بھی خصوصی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ سی ٹی او کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران اب تک 8 ہزار 961 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر آلودگی کا باعث بننے والا سامان لے جانے والی 5 ہزار 745 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اسی طرح بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال 20 ہزار 790 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائسنس معطل کیے جائیں گے، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر تمام ڈی ایس پیز خصوصی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے نظام کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرکے چالان کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مرمت اور درستگی یقینی بنانے کے لیے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی اور سموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔