آئی جی پنجاب کا جمعۃ المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

10-23-2026

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے، جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف سمیت اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ عبدالکریم نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو نمازِ جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سننے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کی دہلیز پر ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔