سرکاری ملازمین پر 90 روز میں غیر ملکی شہریت، شادی کی تفصیلات ظاہر کرنا لازم

10-22-2026

(لاہور نیوز) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن رولز 2026 کے تحت وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔

جاری آفس میمورنڈم کے مطابق سول سرونٹس کو اپنی اور زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔ سرکاری گزٹ میں قواعد کی اشاعت کے بعد مقررہ ڈیکلریشن 90 روز کے اندر جمع کرانا لازم ہو گا۔       ہدایات کے مطابق مقررہ مدت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا اس میں غلط معلومات فراہم کرنے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا، جس پر سول سرونٹس ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی ہو سکے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو اپنے انتظامی کنٹرول میں آنے والے افسران کی تفصیلات یکجا کر کے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، مطلوبہ ریکارڈ میں افسران کے نام، عہدے، بنیادی پے سکیل، غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کی حیثیت سمیت زیرِ کفالت افراد سے متعلق معلومات شامل ہیں۔       آفس میمورنڈم  کے مطابق ان ہدایات کا اطلاق متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے افسران پر ہوگا تاہم پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)، پولیس سروس آف پاکستان (PSP)، سیکریٹریٹ گروپ (SG) اور آفس مینجمنٹ گروپ (OMG) کو ان ہدایات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔