عوام کو بلاتفریق، بروقت انصاف کی فراہمی عدلیہ کا بنیادی مقصد ہے: چیف جسٹس عالیہ نیلم

10-22-2026

(لاہور نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عوام کو بلاتفریق انصاف فراہم کرنا ہے، نظام انصاف کی بہتری اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے بہاولپور اور لودھراں کا دورہ کیا، ڈسٹرکٹ کورٹس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور عدالتی امور میں بہتری اور انصاف کی بروقت فراہمی پر زور دیا۔ دورے کے دوران جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ اور رجسٹرار عبدالرحیم بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف رانا نے چیف جسٹس کو عدالتی امور، کارکردگی اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار لودھراں سردار محمد کامران خان، جنرل سیکرٹری شہباز احمد بھٹی، صدر تحصیل بار کہروڑپکا عبدالستار، صدر تحصیل بار دنیاپور ملک اختر اقبال اعوان اور ممبر پنجاب بار کونسل رانا لیاقت علی خان بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لیڈیز بار روم، کامن روم، میٹنگ روم سمیت ضلع کے تمام ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ عدالتی ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی اور مقدمات کی سماعت کیلئے بہتر ماحول ضروری ہے، ججز اور عدالتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ذمہ داری کا احساس بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیسز کے بروقت فیصلوں اور زیر التوا مقدمات نمٹانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور قانون کی بالادستی ہی قابل اعتماد نظام انصاف کی بنیاد ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں میں سہولیات کی بہتری انصاف تک رسائی کو بھی آسان بناتی ہے، سائلین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا انصاف کی مؤثر فراہمی کے بنیادی تقاضوں میں شامل ہے۔ اس دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف رانا نے ضلعی کورٹس میں مقدمات کی سماعت، عدالتی انتظامات، مختلف شعبوں میں بہتری، ضلعی عدلیہ کے انتظامی امور اور عدالتی نظام کو مزید فعال بنانے سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں پودے بھی لگائے۔