سہ ملکی سیریز، سری لنکا نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست

10-22-2026

(لاہور نیوز) ون ڈے ٹرائی سیریز میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکن ٹیم نے 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ناممکن کو ممکن بنا دیا اور انگلش بولرز کو بھرپور جواب دیا۔ سری لنکا کی جانب سے رتھنائیکے 130 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ایوشکا فرنینڈو اور داسن شاناکا نے 97، 97 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز بناکر شاندار تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ قائم کیا، جو روٹ نے 69 ، ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے جبکہ ول جیکس 66 رنز کیساتھ ناقبل شکست رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جینت لیاناگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اب تک ناقابل شکست ہے۔