دھان کی کٹائی شروع، چاول کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی

10-22-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں دھان کی کٹائی شروع ہونے کے باوجود مارکیٹ میں چاول کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہ آ سکی۔

نئی فصل کے چاول مارکیٹ میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، تاہم باسمتی، کائنات اور سیلہ سمیت مختلف اقسام کے نرخ بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں، مارکیٹ میں کائنات چاول 360 سے 400 روپے فی کلو، باسمتی چاول کی مختلف اقسام 320 سے 360 روپے فی کلو جبکہ سیلہ چاول 300 سے 340 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ تاجروں کے مطابق اکتوبر کے آخری اور نومبر کے آغاز میں غلہ منڈیوں میں چاول کی سپلائی مزید بڑھنے سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات دگنے ہو چکے ہیں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی خریداری مشکل ہو گئی ہے، ماضی میں نئی فصل آنے پر گھروں میں چاول کے تھیلے خرید کر رکھے جاتے تھے، لیکن اب مہنگائی کے باعث ایک یا آدھا کلو چاول خرید کر گزارا کرنا پڑ رہا ہے۔