پنجاب کے پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا شیڈول

10-22-2026

(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پنجاب کے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا۔

 شیڈول کے مطابق داخلے حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مرکزی نظام کے تحت ہوں گے، پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے آن لائن درخواستیں 23 اکتوبر سے 6 نومبر تک وصول کی جائیں گی، جبکہ پہلی سلیکشن لسٹ 18 نومبر کو جاری ہو گی۔ پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس داخلوں کیلئے درخواستیں 18 دسمبر سے یکم جنوری 2027 تک جمع کرائی جا سکیں گی، پہلی سلیکشن لسٹ 13 جنوری 2027 کو جاری ہو گی۔ پنجاب کے 34 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 4,500 جبکہ 18 پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 1,100 نشستیں دستیاب ہیں، داخلوں کیلئے تمام صوبوں کے طلبہ اور سمندر پار پاکستانی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔