غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا آپریشن، 46 املاک سربمہر
10-22-2026
(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کنٹرولڈ ایریا میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 46 املاک سربمہر کر دیں۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے نیو مسلم ٹاؤن، نیو گارڈن ٹاؤن، مصطفیٰ ٹاؤن، ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا روڈ تک مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی کمرشل استعمال پر نیو مسلم ٹاؤن کے بلاک اے اور بی میں 13 جبکہ نیو گارڈن ٹاؤن میں 10 املاک سربمہر کی گئیں۔ ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا تک کے علاقے میں بھی غیر قانونی کمرشل استعمال پر 13 املاک سیل کی گئیں۔ دوسری جانب ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن میں 10 املاک سربمہر کی گئیں۔ سیل کی گئی املاک میں بینک، سکول، ریستوران، شاپنگ مال، شوروم، سٹیل ورکس، ماربل سٹور، ہارڈویئر سٹور، فوڈ پوائنٹس، آٹو ورکشاپس، دکانیں اور دفاتر سمیت دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔ ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔