انگلینڈ کے خلاف پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے، شان ٹیٹ

10-22-2026

(لاہور نیوز) پاکستان مینز ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے کہا ہے کہ تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پاکستانی بولرز کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے اور انگلینڈ جیسی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے خلاف بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے کہا کہ فاسٹ بولرز اور سپنرز بہترین انداز میں ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں، حارث، شاہین، نسیم اور فہیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنا اچھا لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز سے قبل فرسٹ کلاس میچز کھیلنے سے بولرز کو فائدہ ہوا، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے پہلے میچ پریکٹس ضروری ہے، بولرز کی کارکردگی کے ساتھ ان کے ورک لوڈ اور آرام کا خیال رکھنا بھی اہم ہے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن  نے کھلاڑیوں کی تیاری اور آرام کے درمیان اچھا توازن قائم کیا ہے۔ شان ٹیٹ کے مطابق انگلینڈ دنیا کی بہترین وائٹ بال ٹیموں میں شامل ہے اور اس کے مضبوط بیٹنگ آرڈر کے خلاف بولنگ کرنا بڑا چیلنج ہے، انہوں نے راولپنڈی میں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ لاہور میں بھی تماشائی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ عرفات منہاس کے حوالے سے بولنگ کوچ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، وہ پراعتماد اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ شان ٹیٹ نے مزید کہا کہ پاکستانی اسپنرز اپنی صلاحیتوں اور ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہیں، جبکہ مصروف کرکٹ شیڈول میں آرام کے دن کھلاڑیوں کی طویل مدتی کارکردگی کیلئے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔