سیف سٹی کیمروں کی مدد سے موبائل فون چھیننے والا 2 رکنی گینگ گرفتار
10-22-2026
(لاہور نیوز) سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت ٹریس کرکے پولیس نے موبائل فون چھیننے والے 2 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر شہریوں کو نشانہ بناتے اور ان سے قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ تھانہ کاہنہ کی حدود میں بھی ملزمان نے ایک شہری سے موبائل فون چھینا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت ٹریس کرکے اہم معلومات حاصل کی گئیں، جن کی بنیاد پر متعلقہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ جدید کیمرا ٹیکنالوجی جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ سی سی ڈی، لاہور پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کاوشوں سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان سیف سٹیز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی واردات یا مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔