لاہور پتنگ بازی کا سامان سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، پولیس اہلکار سمیت 5 ملزمان گرفتار

10-22-2026

(لاہور نیوز) تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے قصور سے لاہور پتنگ بازی کا ممنوعہ سامان سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں پنجاب پولیس کا ایک کانسٹیبل، اس کا والد، دو بھائی اور ایک دوست شامل ہیں۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے آن لائن سپلائی چین توڑنے کے لیے خریدار بن کر ملزمان سے چرخیاں منگوائیں۔ ملزمان قصور سے ممنوعہ چرخیاں لے کر گاڑی میں لاہور سپلائی کرنے پہنچے تو پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار پولیس کانسٹیبل حذیفہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی لیبارٹری میں تعینات ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ پرانی انارکلی میں نمبر 832/26 کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی غیر قانونی خرید و فروخت اور سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا پولیس اہلکار بھی قانون کی گرفت سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وردی قانون کی پاسداری کی ذمہ داری ہے، قانون شکنی کا استحقاق نہیں۔ پتنگ بازی کے سامان کی سپلائی چین کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔