پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پولیس افسران کو چار ہفتوں کی مہلت

10-22-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صورتحال میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا، خواتین اور بچوں کیخلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ آئی جی پنجاب نے صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پولیس کو صوبائی سرحدی علاقوں سمیت تمام اضلاع میں گندم کی اسمگلنگ روکنے، پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اوور اسپیڈنگ کے خلاف یقینی کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور اسلحے کی برآمدگی، کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے اور پولیس پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی تمام اقسام کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس منعقد کیے جائیں اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس پیش کی جائیں۔ انہوں نے ملتان واقعے سمیت ہر سنگین جرم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی لی۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان ہے۔ لاہور میں جرائم میں 41 فیصد، ڈیرہ غازی خان ریجن میں 16 فیصد، بہاولپور ریجن میں 52 فیصد، شیخوپورہ ریجن میں 32 فیصد، ملتان ریجن میں 47 فیصد، راولپنڈی ریجن میں 36 فیصد، ساہیوال ریجن میں 42 فیصد، گوجرانوالہ ریجن میں 67 فیصد اور گجرات ریجن میں 58 فیصد کمی رپورٹ کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق لاہور میں موبائل پولیس اسٹیشن منصوبے کے تحت شہریوں کو مجموعی طور پر 9 ہزار 702 سروسز فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کا کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے اور صوبے بھر میں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ جرائم پیشہ عناصر میں قانون کا خوف پیدا ہو۔ انہوں نے ہجوم سے نمٹنے کے لیے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی استعدادِ کار بڑھانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور مجوزہ دھرنے کے دوران بہتر ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کو تاحیات تنخواہ اور مالی پیکیج فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔