جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت، مرکزی ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور
10-21-2026
(لاہور نیوز) لاہور کی ضلع کچہری نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے مبینہ 35 ارب روپے کے فراڈ کے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ادارے کے حوالے کر دیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کیلئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ملزم کو پانچ روز کیلئے تفتیشی حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ’لیبلز بینک‘ کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے مبینہ طور پر 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے، تفتیشی افسر کے مطابق مبینہ فراڈ کے نیٹ ورک کیلئے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔