عدم ادائیگی پر قید کاٹنے سے جرمانہ ختم نہیں ہوگا: لاہور ہائیکورٹ
10-21-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ نیب کے مقدمات میں جرمانے کی عدم ادائیگی پر قید کاٹنے کے باوجود ملزم کی مالی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی اور 20 سال بعد بھی جرمانہ وصول کیا جاسکتا ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس محمد امجد پرویز پر مشتمل بینچ نے اس حوالے سے 15 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے مہر محمد باقر کی جرمانے کی وصولی روکنے سے متعلق درخواست خارج کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو 20 لاکھ روپے کی وصولی کی کارروائی 3 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ایک سال قید کاٹنے کے باوجود ملزم مالی ذمہ داری سے بری نہیں ہوسکتا، نیب آرڈیننس کے تحت جرمانے کی رقم بقایاجات مال گزاری کے طور پر وصول کی جاسکتی ہے اور اس وصولی کو دہری سزا قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ نیب مقدمات میں جرمانے کی وصولی پر 6 سالہ قانونی مدت کی پابندی لاگو نہیں ہوتی، کیونکہ اس معاملے میں نیب کے خصوصی قانون کو فوقیت حاصل ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق بدعنوانی کے مقدمات میں عائد جرمانوں کی وصولی کی قانونی ذمہ داری برقرار رہتی ہے، خواہ ملزم عدم ادائیگی پر قید بھی کاٹ چکا ہو۔