طلبہ کے ب فارم نمبرز کی نادرا سے تصدیق لازمی قرار
10-21-2026
(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبہ کے ب فارم نمبرز کی نادرا سے تصدیق یقینی بنانے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ کے مطابق تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام طلبہ کے ب فارم نمبرز کا اندراج اور درستگی کا عمل 10 روز کے اندر مکمل کیا جائے۔ ب فارم نمبرز کی تصدیق نادرا کے ریکارڈ سے کی جائے گی۔ ہدایات کے مطابق ب فارم نمبر کے غلط اندراج کی مکمل ذمہ داری متعلقہ سکول سربراہ پر عائد ہوگی، جبکہ غلط اندراج کے باعث نادرا کو ادا کیے جانے والے تمام اخراجات بھی سکول سربراہ خود برداشت کرے گا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی بچے کے پاس ب فارم موجود نہ ہو تو عارضی طور پر والد کے شناختی کارڈ کا نمبر درج کیا جائے، تاہم ب فارم نہ ہونے کی بنیاد پر کسی بھی بچے کو سکول میں داخلے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ محکمہ نے تمام سکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کا ڈیٹا نادرا کے ریکارڈ سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہو سکے۔