ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی جانچ پڑتال، کاروباری اداروں کو نوٹسز

10-21-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی جانچ پڑتال اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ای آئی ایم ایس سے منسلک نہ ہونے والے 250 کاروباری اداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

ترجمان پی آر اے کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں پر 30 کاروباری آپریٹرز کو جرمانے بھی عائد کیے گئے، جبکہ 50 سے زائد نئے کاروباروں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔ ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور راولپنڈی میں کی گئیں، کاروباری اداروں کیلئے ای آئی ایم ایس کے ذریعے فروخت کا درست ریکارڈ مرتب کرنا اور ٹیکس قوانین کی پابندی کرنا لازم ہے۔ پی آر اے کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری اور ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ای آئی ایم ایس کے مؤثر استعمال سے ممکنہ بے ضابطگیوں کی روک تھام اور ٹیکس نیٹ میں اضافے میں مدد مل رہی ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ رسیدوں کی تصدیق کیلئے پی آر اے سہولت ایپ استعمال کریں، جبکہ غیر تصدیق شدہ رسید جاری کرنے یا ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کی صورت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایت درج کروائیں۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔