دودھ پینے سے بچے کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کا نوٹس، نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے
10-21-2026
(لاہور نیوز) نشتر کالونی میں دودھ پینے کے بعد بچے کی ہلاکت کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ٹیموں نے بچے کے لواحقین سے معلومات حاصل کیں اور متعلقہ ملک شاپ سے دودھ کے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دودھ پینے کے بعد بچے کی حالت غیر ہوئی۔ حکام کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کی مفت جانچ پنجاب فوڈ اتھارٹی سے کروا سکتے ہیں۔