نشتر کالونی:مبینہ مضرِ صحت دودھ پینے سے 2 سالہ بچہ جاں بحق، دوسرے کی حالت تشویشناک
10-21-2026
(لاہور نیوز) نشتر کالونی کے علاقے میں مبینہ مضرِ صحت دودھ پینے سے 2 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 3 سالہ بچے کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق دونوں بچوں کو طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں 2 سالہ فیضان مبینہ طور پر زہر پھیلنے سے دم توڑ گیا، جبکہ 3 سالہ ذین تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہے۔ اسد علی کے مطابق بچوں کے والدین نے محلے سے کھلا دودھ خرید کر انہیں پلایا تھا۔ واقعہ کے بعد دودھ فروخت کرنے والے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے فرانزک ماہرین کو طلب کرلیا گیا ہے اور شواہد بھی جمع کرلیے گئے ہیں۔ دودھ کے معائنے کے لیے فوڈ ڈپارٹمنٹ کو بھی طلب کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد واقعے سے متعلق حقائق واضح ہوں گے۔