لاہور: جعلی ویب سائٹ پر امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والا گرفتار
10-20-2026
(لاہور نیوز) این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویب سائٹ کے ذریعے امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی پوسٹل سروسز کو مبینہ طور پر 126 ملین ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں این سی سی آئی اے نے فہیم اکرم کو گرفتار کر لیا۔ عاطف امیر کا کہنا تھا کہ ملزم نے مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹ بنا کر تین سال تک امریکی پوسٹل سروسز کے نظام کو بائی پاس کیا اور جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے کے سائبر یونٹ نے 6 اکتوبر کو اس کیس کی نشاندہی کی تھی، خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم نے مبینہ طور پر ایک ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے غیر ملکی پوسٹل کمپنی کے نظام کو بائی پاس کرکے تقریباً 50 لاکھ ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ اس مبینہ فراڈ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 126 ملین ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 35 ارب روپے سے زائد بنتا ہے، مبینہ فراڈ کے لیے 16 اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔ عاطف امیر کا کہنا تھا کہ ملزم کی تلاش اور گرفتاری کے لیے 10 روز تک آپریشن جاری رہا، جس کے بعد فہیم اکرم کو آج صبح گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔