پنجاب میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت، میو ہسپتال میں 70 سالہ شخص دم توڑ گیا
10-20-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں کتے کے کاٹنے سے لاحق ہونے والی جان لیوا بیماری ریبیز سے ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا۔
لاہور کے میو ہسپتال میں زیرِ علاج 70 سالہ مریض انور دم توڑ گیا، جس کا تعلق جڑانوالہ سے تھا، انور کو تقریباً دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد وہ ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ننکانہ صاحب میں زیرِ علاج رہا۔ مریض کی حالت کے پیشِ نظر اسے 17 اکتوبر کو میو ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں اسے آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق مریض میں ریبیز کی علامات ظاہر ہو چکی تھیں۔ میو ہسپتال میں دو روز زیرِ علاج رہنے کے بعد 70 سالہ انور جانبر نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں رواں ماہ ریبیز کے باعث یہ تیسری ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جس کے بعد کتے کے کاٹنے کے واقعات اور اس مہلک بیماری سے بچاؤ کے اقدامات پر تشویش بڑھ گئی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کتے یا کسی دوسرے مشتبہ جانور کے کاٹنے یا خراش آنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ تک دھونا اور بلا تاخیر ہسپتال سے رجوع کرنا ضروری ہے، علامات ظاہر ہونے کے بعد ریبیز عموماً مہلک ثابت ہوتی ہے، تاہم بروقت ویکسین اور ضرورت کے مطابق امیونوگلوبیولن کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔