پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس، ہائر ایجوکیشن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ
10-20-2026
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس سید علی حیدر گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن اور اس کے ملحقہ اداروں کے مالیاتی معاملات سے متعلق آڈٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 23 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ریکوری پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ چیئرپرسن کمیٹی سید علی حیدر گیلانی نے بقایا سرکاری واجبات کی وصولی میں تیزی لانے پر زور دیا۔ انہوں نے واجبات کی وصولی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ریکوری کا عمل مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران سرکاری واجبات کی عدم وصولی، ادائیگیوں اور خریداری میں بے ضابطگیوں، سرکاری رقوم قومی خزانے میں جمع نہ کروانے اور منظور شدہ بجٹ سے تجاوز کرتے ہوئے غیر مجاز اخراجات سے متعلق آڈٹ اعتراضات زیر بحث آئے۔ آڈٹ حکام کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی سفارش پر بعض آڈٹ پیراز کو ریکارڈ کی تصدیق سے مشروط نمٹا دیا گیا، جبکہ اضافی دستاویزات اور مطلوبہ ریکارڈ کی عدم فراہمی کے باعث باقی آڈٹ پیراز مؤخر کر دیے گئے۔ کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو سرکاری واجبات کی وصولی میں تیزی لانے، ضروری معاملات میں ذمہ داری کا تعین کرنے اور مالیاتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ متعلقہ حکام کو مقررہ مدت میں مطلوبہ ریکارڈ اور تعمیلی رپورٹس پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ سید علی حیدر گیلانی نے سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال، مالیاتی شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ سرکاری مالیاتی معاملات میں قواعد و ضوابط کی پابندی اور واجبات کی بروقت وصولی یقینی بنائی جائے۔