سرکاری حج سکیم: واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کا آج آخری دن
10-20-2026
(لاہور نیوز) سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔
اب تک 97 ہزار سرکاری عازمینِ حج دوسری قسط جمع کروا چکے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے دوسری قسط کی مد میں 61 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق 45 ہزار 245 عازمین نے ون لنک، 3 ہزار 685 نے کارڈ، جبکہ 47 ہزار 563 افراد نے مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی مکمل کی۔ ترجمان نے باقی ماندہ عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 اکتوبر تک اپنے واجبات کی ادائیگی لازمی مکمل کر لیں۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل یا پاک حج ایپ کا استعمال کریں اور حج درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے واجبات بروقت جمع کروائیں۔ ترجمان کے مطابق عازمینِ حج کے لیے حج پورٹل پر دستیاب میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے تصدیق کروانا اور تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا بھی لازمی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ نئی معلومات اور ضروری ہدایات کے لیے پاک حج ایپ کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔