کالے شیشوں، غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

10-20-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سڑکوں پر روڈ ریج، ہلڑ بازی، خطرناک ریسنگ اور تیز رفتاری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس، پولیس فلیشر لائٹس اور نیلی بتی کے استعمال پر چالان کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ممنوعہ بلیک پیپرز استعمال کرنے والوں کو کم از کم 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ اپلائیڈ فار نمبر پلیٹس لگانے اور نمبر پلیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رات گئے شہر کی سڑکوں پر خطرناک ریسنگ اور تیز رفتاری کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے مصروف مقامات اور ریسنگ پوائنٹس پر رات کے وقت پٹرولنگ اور سرویلنس بڑھا دی گئی ہے۔ سی بی ڈی مین بلیوارڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، کینال روڈ اور ڈیفنس فیز 6 اور 8 کے بلیوارڈز پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ سڑکوں پر اودھم مچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے سرکلز میں کارروائیوں کی خود نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ یقینی بنائیں۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ممنوعہ بلیک پیپرز، غیر قانونی پولیس فلیشر لائٹس اور نیلی بتی کے استعمال سمیت خطرناک ڈرائیونگ سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔