لاہور پولیس کی کارروائیاں، 126 تولے سونا، 72 گاڑیاں اور 1622 موٹرسائیکلیں برآمد
10-19-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے رواں سال جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2410 گینگز کے 5212 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے دورانِ تفتیش 88 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی گئی، شہر کے مختلف تھانوں میں ملزمان کے خلاف 34 ہزار سے زائد مقدمات ٹریس کئے گئے، گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے مالِ مسروقہ میں 126 تولے سونا، 72 گاڑیاں اور 1622 موٹر سائیکلیں شامل ہیں، شہریوں سے لوٹے گئے 5869 موبائل فونز اور 69 لیپ ٹاپس بھی برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہر سے جرائم پیشہ گروہوں کے خاتمے کیلئے بلا تعطل کارروائیاں جاری ہیں، جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری مؤثر حکمتِ عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، جبکہ برآمد شدہ مالِ مسروقہ اس کے اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ گرفتار گینگز کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، انہوں نے سپروائزری افسران کو کرائم کنٹرول اور امن و امان کے اقدامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں کے مکمل خاتمے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔