ٹرائی سیریز کا پہلا میچ، پاکستان کا سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف

10-18-2026

(لاہور نیوز) تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کی ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم 45 اور سعد بیگ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسن نواز نے 37، عرفات منہاس نے 18، فخر زمان نے 16، صائم ایوب نے 7 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آسیتھا فرنینڈو 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ واضح رہے کہ ٹرائی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی شامل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ واضح رہے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 18 سے 31 اکتوبر 2026 تک کھیلی جائے گی، سات میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں چھ لیگ میچز اور ایک فائنل شامل ہے تاہم یہ تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔