پولیس کے سب انسپکٹرز کی ترقی کے لیے کمیٹی کا اجلاس دوبارہ ہو گا

10-18-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے سب انسپکٹرز کی ترقی کے منتظر افسران کے کیسز پر مزید غور کے لیے محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس 19 اکتوبر کو دوبارہ ہو گا۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سیریل نمبر 301 سے آگے کے افسران کے کیسز زیر غور آئیں گے مراسلے کے مطابق اس سے قبل 300 سب انسپکٹرز کے کیسز پر غور کیا جا چکا ہے، جس کے بعد باقی افسران کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس پنجاب پولیس کے سینٹرل پولیس آفس لاہور میں ہوگا، جس میں قائم مقام انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مراسلے کے مطابق، اجلاس میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، اے آئی جی ڈسپلن اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوں گے، جبکہ اے آئی جی لیگل بھی محکمانہ پروموشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ورکنگ پیپرز اور سفارشات مقررہ تاریخ پر کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں تاکہ ترقی کے منتظر سب انسپکٹرز کے کیسز پر مزید غور کیا جا سکے۔